اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ کے پارلیمانی دھڑے وفاداریِ مزاحمت کے سینئر رکن علی عمار نے جمعہ کی شب شہید کمانڈر ہیثم طباطبائی کی یاد میں تعمیر کی گئی یادگار کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لبنان کی موجودہ حکومت نے ماضی کی ناکام حکومتوں سے کوئی سبق نہیں سیکھا، جو امریکی دباؤ اور اسرائیلی احکامات کے سامنے جھک کر مزاحمت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتی رہی ہیں۔
علی عمار نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے لبنان پر ممکنہ حملے کے خدشات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ اسی لیے جنگ بندی کے اعلان کے بعد سے مزاحمت اپنی دفاعی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور ہر ممکنہ جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے تیاریوں میں مصروف ہے۔
انہوں نے اسرائیل کو خبردار کیا کہ اپنی فوج جمع کر لو اور جو سازش کر سکتے ہو، کر لو؛ خدا کی قسم، تم ہماری شناخت، وجود اور موجودگی کو کبھی ختم نہیں کر سکو گے۔
لبنانی صدر اسرائیلی قبضے پر خاموش کیوں ہیں؟
حزب اللہ کے رہنما نے لبنانی صدر جوزف عون کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ جنوبی لبنان میں اسرائیلی جارحیت اور قبضے سے بخوبی آگاہ ہیں۔ لبنان کی سرزمین کے بعض حصے اب بھی اسرائیل کے قبضے میں ہیں اور وہ اپنے قبضے کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے، لیکن لبنانی حکومت اور صدر اس کے خلاف کوئی مؤثر قدم نہیں اٹھا رہے۔
علی عمار نے کہا کہ صدر عون کی بے عملی صرف خاموشی تک محدود نہیں، بلکہ وہ ایسے اسرائیلی دشمن کے ساتھ براہ راست مذاکرات کے لیے بھی تیار ہیں جو لبنان کی سرزمین پر قابض ہے اور مسلسل زمینی، سمندری اور فضائی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر جوزف عون واقعی لبنان کے صدر کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں تو انہیں اسرائیلی قابض دشمن اور اس کے حامیوں کے مقابلے میں آزادانہ اور مضبوط مؤقف اختیار کرنا چاہیے۔
علی عمار نے وزیراعظم نواف سلام کو بھی مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بیرونی دوروں اور ملاقاتوں میں امریکا کے ساتھ مل کر مزاحمت مخالف بیانات دینے کے بجائے اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے اور لبنان کی خودمختاری کا دفاع کرنا چاہیے۔
علی عمار نے کہا کہ لبنان کے بعض سیاسی حلقوں کے حوالے سے حزب اللہ کی خاموشی کمزوری یا بے بسی کی علامت نہیں، بلکہ اس کا مقصد ملک کے مفادات کا تحفظ ہے۔ اسرائیل اندرونی اختلافات پیدا کرکے لبنان میں مزاحمت کو کمزور کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ موجودہ حکومت سے وابستہ بعض عناصر اور اسرائیل نواز ذرائع ابلاغ مزاحمت اور لبنانی فوج کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن ان کی یہ کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ حزب اللہ کسی ایسی محاذ آرائی میں نہیں الجھے گی جس سے اسرائیل اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بعض حکومتی عناصر اور ذرائع ابلاغ مزاحمت کو مایوسی اور ناامیدی کا شکار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن وہ اس کے عزم اور مضبوط مؤقف کو کمزور نہیں کر سکیں گے۔
علی عمار نے زور دیا کہ اسرائیلی دشمن کے مقابلے کے لیے ہر وقت مکمل تیاری اور ہوشیاری ضروری ہے، کیونکہ یہ نہیں کہا جا سکتا کہ دشمن کب کسی نئی جارحیت کا فیصلہ کر لے۔
آخر میں انہوں نے قومی اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں لبنانی عوام اور سیاسی حلقوں کو متحد رہنا ہوگا۔ انہوں نے پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری کے حالیہ بیان کا حوالہ دیا کہ اب ایک دوسرے کو دو الگ گروہوں کے طور پر نہیں بلکہ ایک متحد گروہ کی حیثیت سے دیکھنا چاہیے۔
آپ کا تبصرہ